Time 01 دسمبر ، 2020
پاکستان

نواز شریف کو بذریعہ رائل میل اشتہارات کی تعمیل کے شواہد عدالت میں جمع

دفترخارجہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو بذریعہ رائل میل اشتہارات کی تعمیل کے شواہد اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی پر مزید پیشرفت ہوئی ہے اور وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ مبشر خان نے دستاویزات جمع کرائی ہیں۔

دفترخارجہ نے نوازشریف کوبذریعہ رائل میل اشتہارات کی تعمیل کے شواہد عدالت میں جمع کروادیے ہیں۔

نوازشریف کے اشتہارات کی ترسیل کی تصدیق شدہ رسید بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی ہے جبکہ  وزارت خارجہ کی درخواست میں بتایا گیا ہے کہ تصدیق شدہ رسید ڈپلومیٹک بیگ کے ذریعے وصول ہوئی۔

6 نومبر2020 کو رائل میل کے ذریعے اشتہارات پہنچائے گئے، رسید پرتاریخ اور دن بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت ختم ہونے کے بعد عدالتی حکم کے باوجود سرینڈر نہ کرنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے 22 ستمبر کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عدالت نے نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا بھی حکم دیا تھا لیکن برطانوی حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے سے انکار کردیا تھا جس پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے جانے والے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران کے بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس کے بعد عدالت نے لندن میں سابق وزیراعظم کی طلبی کے اشتہارات بھی لگوائے تھے تاہم نواز شریف کے پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :