01 دسمبر ، 2020
پاکستان اسٹیل ملز کی ٹریڈ یونینز اور آفیسرز ایسوسی ایشنز نے ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف جناح گیٹ اسٹیل ملز پر دھرنا دے دیا جبکہ دیگر ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دیکر ٹرینوں کی آمدورفت روک دی۔
جبری برطرفیوں کیخلاف اسٹیل ملز ملازمین کی بڑی تعداد جناح گیٹ کے سامنے سراپا احتجاج ہے جبکہ بن قاسم ریلوے ٹریک بھی بند کردیا گیا ہے۔
ملازمین کے احتجاج کے باعث اندرون ملک سے آنے اور جانے والا ٹریک بند ہے اور ملازمین کی بڑی تعداد ٹریک پر موجود ہے۔
مختلف شہروں سےکراچی آنے والی ٹرینوں کو بن قاسم اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے جبکہ ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کلئیر ہونے تک کراچی سے کوئی ٹرین روانہ نہیں ہوگی۔
دھرنے کی وجہ سے کراچی ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس بن قاسم اسٹیشن پر موجود ہیں جبکہ کراچی آنے والی رحمان بابا، تیز گام، کراچی ایکسپریس، شاہ حسین اور گرین لائن کو بن قاسم سے پہلے روکا گیا ہے۔
کراچی سےاندرون ملک جانے والی پاکستان ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کی روانگی بھی تاخیر کا شکار ہے جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کے زیر انتظام چلنے والی پاکستان اسٹیل ملز سے 4ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ملازمین کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔