دنیا
Time 03 دسمبر ، 2020

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں انتہائی اہم پیشرفت

فائل فوٹو

کابل: افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں انتہائی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق افغان حکومت اور طالبان بلآخر 19 سالہ طویل جنگ کے بعد اب پہلی مرتبہ تحریری معاہدے کی طرف آگئے جس کی تصدیق افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں نے کی اور کہا کہ وہ امن مذاکرات کے لیے ابتدائی معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔

افغان حکومت کے مذاکرات کار نادر نادیری نے غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ابتدائی اعلامیے سمیت طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اب جلد ایجنڈے پر مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

دوسری جانب طالبان ترجمان نے ٹوئٹر کے ذریعے حکومت سے مذاکرات میں پیشرفت کی تصدیق کی۔

طالبان اور حکومتی نمائندوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہےکہ ایک جوائنٹ ورکنگ کمیٹی کو امن مذاکرات کے لیے ایجنڈے کے ٹاپک کا ڈرافٹ تیار کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ طالبان اور حکومتی نمائندوں کے درمیان معاہدہ جامع سیز فائر اور افغان عوام کے بنیادی مطالبات سمیت مرکزی مسائل پر مذاکرات کے آغاز کی طرف ایک قدم ہے۔

علاوہ ازیں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی دونوں فریقین کو پیشرفت پر مبارکباد دی اور کہاکہ امریکا تشدد اور سیز فائر میں کمی کے لیے تمام فریقین کو راضی کرنے کے لیے مزید محنت کرے گا۔

مزید خبریں :