15 ستمبر ، 2012
سڈنی… توہین آمیز فلم کے خلاف مظاہرے آسٹریلیا تک پھیل گئے ہیں۔ سڈنی میں سیکڑوں مظاہرین نے فلم کے خلاف مظاہرہ کیا اور فلم بنانے میں ملوث تمام افراد کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا۔ ہفتے کی صبح سڈنی کے دوکاندار و تاجر اس وقت حیران رہ گئے جب سیکڑوں کی تعداد میں عورتیں، مرد اور بچے سڑکون پر نکل آئے اور امریکا مخالف نعرے لگائے جبکہ توہین آمیز فلم ساز سمیت اس میں ملوث تمام افراد کی پھانسی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین امریکی قونصل خانے کے سامنے جمع ہو گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام مخالف جذبات اور نظریات سے تنگ آگئے ہیں، کسی کو ہمارے پیغمبر کی توہین کا حق نہیں۔ بعد ازاں مظاہرین نے قونصل خانے کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جسے مقامی پولیس نے ناکام بنا دیا۔