Time 04 دسمبر ، 2020
پاکستان

مریم سے خواتین ارکان اسمبلی اور دیگر کی ملاقات، لاہور جلسے پر مشاورت

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے خواتین ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔

اجلاس میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور دیگررہنماؤں نے خصوصی دعوت پر شرکت کی۔

اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور میں 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

خواتین نے جلسے کی کامیابی اور پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں جبکہ مریم نواز نے خواتین کو جلسے میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین کو پاکستان کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے فیصلہ کن مرحلے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے، معیشت کی تباہی، بیروزگاری سے گھریلو زندگی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے، عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں سے دو قدم آگے بڑھ کر سیاسی معرکے میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازی اور حکمت عملی کی تیاری میں خواتین کے کردار کو مزید بڑھائیں گے، پاکستان کی 50 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، انہیں نظرانداز نہیں کیاجاسکتا، پی ڈی ایم کی عوامی تحریک کی کامیابی میں خواتین کا بڑا کردار ہوگا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور اس جلسے کی میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔

مزید خبریں :