Time 04 دسمبر ، 2020
پاکستان

اسلام آباد ہائیکورٹ کا نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں 3، 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامے جاری کیے۔

حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ نواز شریف کو عدالت پیش ہونے کا بار بار موقع دیا گیا لیکن وہ جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے۔ 

حکم نامے کے مطابق نواز شریف کو عدالتی طلبی اور کیس میں پیشی کا علم ہے، وہ بیرون ملک گئے اور واپس نہ آئے، نوٹسز، وارنٹ گرفتاری اور اشتہارات کے باوجود پیش نہ ہوئے جبکہ ان کی عدالت حاضری کے لیے اخبارات میں بھی اشتہار شائع کروائے گئے۔ 

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت کارروائی مکمل ہے اس لیے اشتہاری قرار دیا جاتا ہے اور ان کے ضامنوں کے خلاف 514 کے تحت کارروائی عمل میں لائے جائے گی۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے لیے ضامنوں کو شو کاز نوٹس جاری کیے جاتے ہیں اور آئندہ سماعت پر 9 دسمبر کو نواز شریف کے ضامن پیش ہو کر بتائیں کہ کیوں نہ ان کے خلاف کارروائی اور ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بذریعہ اشتہار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا ۔

مزید خبریں :