05 دسمبر ، 2020
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے 13 دسمبرکو لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں خود میدان میں اترنےکا فیصلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے13 دسمبرکے جلسے سے قبل عوامی رابطہ مہم، ریلیوں اور جلسوں کا شیڈول بھی جاری کردیاگیا ہے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا مشہود اور سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ہم عمران خان کا چیلنج قبول کرتے ہیں، مینار پاکستان پر ان سے بڑا جلسہ کرکے دکھائیں گے۔
رانا مشہود کا کہنا تھاکہ جلسے کوکامیاب بنانےکے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے، مریم نواز شہریوں کو متحرک کرنے خود شہرکے دورے کریں گی اور مختلف جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کریں گی، اس کے علاوہ وہ جاتی عمرہ سے نکلنے والی موٹر سائیکل ریلی کی قیادت بھی کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مینار پاکستان پر جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پورے لاہور میں جلسے ہوں گے۔
سائرہ افضل تارڑ کاکہنا تھاکہ مریم اگرجیل گئیں تو سیاسی طور پرمتحرک ہونےکی وجہ سے جائیں گی کسی جرم کی وجہ سے نہیں،عمران خان اب سوچ لیں انھوں نے عزت سےگھر جانا ہے یا عوام ان کو نکال باہر کریں۔
ن لیگی رہنماؤں کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے، عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی عذاب ہوچکا ہے۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے13 دسمبر کو لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی میزبانی ن لیگ کرے گی۔
جنرل سیکرٹری ن لیگ احسن اقبال کے مطابق13 دسمبر کو ملکی تاریخ کا بڑا جلسہ ہو گا جس سے ن لیگ کے قائد نوازشریف بھی خطاب کریں گے۔