07 دسمبر ، 2020
نیوزی لینڈ میں پاکستانی اسکواڈ کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہوگئے جس کے بعد قومی اسکواڈ کو مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت مل گئی۔
پاکستانی اسکواڈ کی بارہویں روز کی کورونا ٹیسٹنگ گزشتہ روز ہوئی جس میں 44 ارکان کی کورونا ٹیسٹنگ کی گئی تھی۔
پی سی بی کے مطابق پاکستانی اسکواڈ کے ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد انہیں مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت مل گئی ہے جس کے بعد اسکواڈ میں شامل 51 ارکان کل کرائسٹ چرچ کی مینجڈ آئسولیشن چھوڑ دیں گے جب کہ پہلے مرحلے میں کورونامثبت آنے والے ارکان بھی مینجڈ آئسولیشن چھوڑیں گے۔
پی سی بی کے مطابق چھٹے اور نویں روز کورونا کیس رپورٹ ہونے والے 2 ارکان یہیں آئسولیشن پوری کریں گے اور یہ دونوں ارکان آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے کوئنز ٹاؤن میں اسکواڈ جوائن کریں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ قومی اسکواڈ کل مینجڈ آئسولیشن چھوڑ کر قریبی ہوٹل پہنچ جائے گا جب کہ آئسولیشن چھوڑنے کے بعد اسکواڈ پر کورونا ایس او پیز لاگو نہیں ہوں گے۔
پی سی بی حکام کے مطابق قومی اسکواڈ کا آخری ہیلتھ چیک اپ کل ہوگا جس کے بعد اسکواڈ کے 51 ارکان کل کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آگیا اور وہ آکلینڈ سے کوئنز ٹاؤن میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔