Time 07 دسمبر ، 2020
پاکستان

گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد عوام نیب پر اعتماد کرتے ہیں: چیئرمین

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد عوام نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ بدعنوانی کے خاتمے اور لوٹی رقم واپس لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلا رہے ہیں، گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد عوام نیب پر اعتماد کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی ملزمان کو سزا دلوانے کی شرح 68.88 فیصد ہے۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور گزشتہ روز پاکستان کی ایوان بالا (سینیٹ) کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے بھی سینیٹ کی جانب سے نیب کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی چیئرمین نیب پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید خبریں :