08 دسمبر ، 2020
کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے اعلان کے بعد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پیش کردیا۔
آغا رفیع اللہ کا کہنا ہے کہ قیادت کے حکم پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں۔
آغا رفیع اللہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 238 ملیر کراچی سے پیپلزپارٹی کے رکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کا ادنیٰ کارکن ہوں، جمہوریت کی بحالی اور سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کی جدوجہد میں شریک ہونے پر فخر ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام جماعتوں کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرادیں۔
اس سے قبل لاہور سے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی سیف کھوکھر نے بھی ن لیگی قیادت کو استعفے جمع کرادیے ہیں جب کہ سرگودھا سے ایم این اے رانا منور غوث نے بھی اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو دے دیاہے۔