Time 09 دسمبر ، 2020
پاکستان

پنجاب اسمبلی میں پی پی کے پارلیمانی لیڈر کا ’پنجابی‘ زبان میں استعفیٰ

ایسے وقت میں جب عام آدمی بھوک سے مررہا ہے تو ایسے میں ہمارا اسمبلیوں میں آرام سے بیٹھنا بیکار ہے: سید حسن مرتضیٰ کی تحریر— فوٹو: فائل 

پیپلزپارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے بھی اپنی نشست سے استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کرادیا۔

پنجاب اسمبلی میں اپنے منفرد انداز خطاب سے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والے حسن مرتضیٰ نے بھی قیادت کو استعفیٰ جمع کرادیا ہے۔

انہوں نے یہ استعفیٰ اسپیکر کے نام لکھا ہے اور اسے ’پنجابی‘ زبان میں تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی پی 95 ضلع چنیوٹ سے الیکشن جیت کر اسمبلی پہنچے ہیں جس پر عوام اور پارٹی کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری سیٹ عوام کی امانت ہے لیکن اس کٹھ پتلی حکومت میں اسمبلیاں اس طرح کام نہیں کرسکتیں جس کیلئے عوام نے اسمبلی میں بھیجا ہے۔

حسن مرتضیٰ نے لکھا کہ ایسے وقت میں جب عام آدمی بھوک سے مررہا ہے تو ایسے میں ہمارا اسمبلیوں میں آرام سے بیٹھنا بیکار ہے اور اس لیے اپنی نسشت چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

سید حسن مرتضیٰ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 95 چنیوٹ تھری سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن منتخب ہوئے ہیں جبکہ وہ پنجاب اسمبلی میں اپنی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام جماعتوں کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرادیں۔

اس اعلان سے قبل ہی اپوزیشن ارکان کے استعفے آنے شروع ہوگئے تھے تاہم اب ارکان کی بڑی تعداد نے اپنے اپنے استعفے سوشل میڈیا پر شیئر کردیے ہیں۔

مزید خبریں :