پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2020

پاکستان نے مذہبی آزادیوں سے متعلق امریکی رپورٹ مستردکردی

پاکستان نے مذہبی آزادیوں سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ مسترد کردی۔

 ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہےکہ پاکستان مذہبی آزادی سے متعلق امریکی من مانی اور من پسند قانون سازی کو مسترد کرتا ہے، امریکی رپورٹ میں پاکستان پر اظہار تشویش زمینی حقائق کے برخلاف ہے۔

ترجمان کاکہنا ہےکہ بھارت میں مذہبی آزادی کا فقدان اور اقلیتوں پر جاری مظالم امریکی رپورٹ پر کڑا سوال ہیں، بھارت میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ( آر ایس ایس) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت مذہبی آزادی کو کھلے عام نظرانداز کررہی ہے۔

ترجمان کے مطابق مذہبی آزادیوں سے متعلق غیرحقیقی تعین دنیا بھر میں مذہبی آزادی کو فروغ دینے میں معاون نہیں، پاکستانی معاشرہ بین المذاہب ہم آہنگی کا بھر پور عکاس ہے اور پاکستانی قانون مذہبی آزادی اوراقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ  پاکستان کو امریکی اقدام کی ساکھ کے بارے میں شدید شکوک و شبہات ہیں۔

مزید خبریں :