10 دسمبر ، 2020
کراچی کے علاقے قیوم آباد سے نمرتا نامی 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر گھر سے اغوا کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق قیوم آباد کے علاقے سے 16 سے 17 سالہ لڑکی نمرتا کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا ہے۔
نمرتا کے والد بھگوان داس نے مبینہ اغوا کار کے خلاف ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
درخواست گزار بھگوان داس نے پولیس کو بتایا کہ 7 دسمبر کو نیند سے اٹھا تو میری بیٹی نمرتاگھر میں موجود نہیں تھی۔
نمرتا کے والد کے مطابق قدیر تنولی نامی لڑکا میرے گھر کے باہر چکر لگاتا رہتا تھا، مجھے شک تھا کہ قدیر تنولی میری بیٹی کے ساتھ رابطے میں ہے۔
بھگوان داس کا کہنا ہے کہ میری بیٹی نمرتا کو قدیر تنولی ہی بہلا پھسلا کر غلط نیت سے اغوا کر کے ساتھ لے گیا ہے۔
نمرتا کے والد نے اپنی بیٹی کی بازیابی کے لیے اعلی حکام سے بھی اپیل کی ہے۔