Time 11 دسمبر ، 2020
پاکستان

مریم اور بلاول کی ملاقات: 'اسٹیبلشمنٹ ہو یا کٹھ پتلی حکومت ، بات کرنے کا وقت ختم ہوگیا'

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان کی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں ملاقات کی۔

بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ جاتی عمرہ پہنچے جہاں انہوں نے مریم نواز سے ملاقات کی اور ان کی دادی کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔ 

اس اہم ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسمبلیوں سے استعفوں اور لاہور جلسے سمیت اہم معاملات پر گفتگو اور مشاورت کی۔

ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے مشترکہ نیوز کانفرنس  بھی کی۔

مریم نواز نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی، میں پہلے دن سے ان کو جعلی اور ووٹ چور حکومت سمجتی ہوں،  آج جب آپ کو اپنی حکومت جاتی نظر آرہی ہے تو آپ کو پارلیمنٹ یاد آگئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو سے ملاقات میں پی ڈی ایم کے اگلے پلان پر بھی بات ہوئی، 13دسمبر کو مینار پاکستان پر پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا،

اسٹیبلشمنٹ ہو یا کٹھ پتلی حکومت ، بات کرنے کا وقت ختم ہوگیا، بلاول

اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے پریشانی سب کے سامنے ہے ، 13دسمبر کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہوگا۔

 بلاول نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک تیزی اور کامیابی سے جا رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ ہو یا کٹھ پتلی حکومت، بات کرنے کا وقت ختم ہوگیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی لانگ مارچ اتنا کامیاب نہیں ہوا جتنا پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ہوگا، ہم ایسی صورتحال پیدا نہیں کریں گے جس سے کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھائے، ہم سوچ سمجھ کر اپنے کارڈرز کھیلیں گے۔

بلاول نے کہا کہ تمام جماعتوں نے فیصلہ کرلیا ہے ، ہم پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) سے مشاورت کریں گے، استعفوں سے متعلق پارٹی کی سی ای سی سے مشاورت ہوگی۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اپوزیشن کے 11 جماعتی اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) میں شامل ہیں اور گزشتہ دنوں سربراہی اجلاس کے بعد پی ڈی ایم نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو 31 دسمبر تک اپنی جماعتوں کے قائدین کے پاس استعفے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

اس اعلان کے اگلے روز ہی پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلاول اور مریم نوازسے بھی ملاقات کی تھی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی تھی۔ 

مزید خبریں :