پاکستان
Time 13 دسمبر ، 2020

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

گوجرانوالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے بعد پی ڈی ایم نے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں میدان سجایا۔

مینار پاکستان کے سائے میں منعقدہ جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ پنڈال کو رہنماؤں کی تصاویر اور  جھنڈوں سے سجایا گیا۔

— فوٹو: پی  پی آئی

جلسے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک رہی۔


پارلیمنٹ کے استعفے ساتھ لے کر اسلام آباد جائیں گے: فضل الرحمان کا اعلان

اس ناجائز حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، سربراہ اتحاد — فوٹو: سوشل میڈیا 

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جنوری کے آخر میں یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف پوری قوم مارچ کرے گی، پارلیمنٹ کے استعفے ساتھ لے کر جائيں گے، ایسی پارلیمنٹ پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، اس ناجائز حکومت کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کھوکھلے ہوچکے ہيں، ملک نہیں چل رہا، ہم اس لیے آئےہیں کہ قوم بن کر پاکستان کا مستقبل بچائیں، پارلیمنٹ کی خود مختاری ہوگی، پارلیمنٹ کو کسی کا یرغمال نہيں ہونے ديں گے۔

— فوٹو: پی پی آئی 

سربراہ اتحاد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیر کا سودا کردیا ہے، کشمیر بھارت کو بیچ دیا ہے، آج مگرمچھ کے آنسو بہارہا ہے، عمران کشمیر کی تین حصوں میں تقسیم کا فارمولا دیتا رہا، ہم کشمیرکو کچھ نہیں دے سکے، 73 سال کشمیریوں کے خون پرسیاست کی۔

انہوں نے کہا سربراہی اجلاس میں ان نکات پر اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ کی حکمرانی ہوگی، پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں ہونے دیا جائے گا، آزادانہ الیکشن کیلئے اصلاحات  اور عوام کے جمہوری حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، آزادی رائے اور میڈیا کا تحفظ، دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔


 لانے والوں کو بھی نہیں پتا تھاکہ اتنا نالائق نکلے گا: مریم

دنیا نے دیکھا قرضوں کے نئے ریکارڈ بنادیے، مریم نواز — فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا ہے کہ اب تابع دار خان این آر او مانگ رہا ہے لیکن نواز شریف قوم کی روٹی چوری کرنے والے کو این آر او نہیں دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 سے زیادہ خطرناک کووڈ 18 ہے جس کا نام ہے تابعدار خان، جب سے کووڈ 18 تابعدار خان نے حکومت بنائی ہے تو پاکستان کی ترقی کورنٹین ہوگئی ہے۔

مریم نواز نعروں کا ہاتھ ہلاکر جواب دے رہی ہیں— فوٹو: پی پی آئی 

لیگی نائب صدر نے وزیراعظم پر الزام عائد کیا کہ تم نے فکس میچ پر نواز شریف کو اقامہ پر باہر نکلوایا، فکس میچ کے ذریعے 2018 کے الیکشن میں نوازشریف اور مریم کوالیکشن سے باہر کیا، دھاندلی سے حکومت تومل گئی لیکن لانے والوں کو بھی نہیں پتا تھاکہ اتنا نالائق نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ اِس کی نااہلی اور نالائقی کا جواب اس کو لانے والوں کو دینا پڑ رہا ہے، کہتا تھا بھیک نہیں مانگوں گا، دنیا نے دیکھا قرضوں کے نئے ریکارڈ بنادیے، ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ مزید تفصیلات


ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا، اب لانگ مارچ ہوگا: بلاول

روشنیوں کے شہر میں مایوسی کے اندھیرے ہیں، بلاول — فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ اسلام آباد پہنچ کر جعلی اور نالائق وزیراعظم کا استعفیٰ چھین کر ر ہیں گے،کٹھ پتلی اور جعلی حکمران گھر جانے والا ہے، جعلی، ناجائز اور نا اہل حکمرانوں کے دامن میں جھوٹ کےسواکچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گالم گلوچ اور دھمکی کےعلاوہ ان کےدامن میں کچھ نہیں ہے، ان کے پاس ناعقل ہے اور نا تاریخ کاعلم ہے، مہنگائی سے مارے لوگ ہمارے دست بازوبن گئے ہیں،جب عوام تحریک کا اس حد تک ساتھ دیتے ہیں تو ظلم کی زنجیریں کٹ جاتی ہیں، یقین دلاتاہوں آپ کی جیت جلد ہونے والی ہے۔

محنت کش بے سہارا نہیں ہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے: بلاول — فوٹو: پی پی آئی 

ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ سے نہیں کسی اورکے اشارے سے اقتدار میں آئے ہیں، آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی ہے، صنعت پر تالاپڑا ہوا ہے، جعلی حکومت کو نا پنجاب کی فکر ہے نا پاکستان کے عوام کی، روشنیوں کے شہر میں مایوسی کے اندھیرے ہیں، لاہور کے مزدور، محنت کش بے سہارا نہیں ہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا، اب لانگ مارچ ہوگا، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، رابطہ کرنا بند کرو۔ مزید تفصیلات

جلسے سے قبل ایاز صادق کے گھر رہنماؤں کی بیٹھک

— فوٹو: سوشل میڈیا 

پی ڈی ایم قائدین کی جلسہ گاہ روانگی سے قبل سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے گھر پر بیٹھک ہوئی جس میں آج کے جلسے اور تحریک سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

پی ڈی ایم قائدین کے اعزاز میں مریم نواز کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا جبکہ ظہرانے میں مٹن قورمہ، بریانی، زردہ اور دیگر کھانوں سے تواضع کی گئی اور تمام کھانے دیسی گھی میں تیار کیے گئے تھے۔

 شدید سردی کے باوجود کارکنوں کی بڑی تعدادجلسہ گاہ میں موجود رہی

لاہور میں شدید سردی کے باوجود پی ڈی ایم کے کارکنوں کی بڑی تعدادجلسہ گاہ میں موجود رہی۔

سیالکوٹ اور گوجرانوالا سمیت مختلف شہروں سے ن لیگ کی ریلیاں مقامی رہنماؤں کی قیادت میں مینار پاکستان پہنچیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات لاہور کا پارہ 6 ڈگری تک گرسکتا ہے، دھند بھی ہوگی۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے گزشتہ روز ہی کارکنوں کو موسم کے مطابق کپڑوں کا انتظام کرکے آنے کی ہدایت کی تھی۔

جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض انصارالاسلام کے سپرد

جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے سپرد کیے گئے  تھے۔

پی ڈی ایم جلسےکیلئے سیکیورٹی کی ذمہ داری جے یو آئی کی تنظیم انصار الاسلام کو دی گئی ہے جس کے 3000 رضاکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔

مزید خبریں :