13 دسمبر ، 2020
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا، اب لانگ مارچ ہوگا، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، رابطہ کرنا بند کرو۔
لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھاکہ اسلام آباد پہنچ کر جعلی اور نالائق وزیراعظم کا استعفیٰ چھین کر ر ہیں گے،کٹھ پتلی اور جعلی حکمران گھر جانے والا ہے، جعلی، ناجائز اور نا اہل حکمرانوں کے دامن میں جھوٹ کےسواکچھ نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھاکہ گالم گلوچ اور دھمکی کےعلاوہ ان کےدامن میں کچھ نہیں ہے، ان کے پاس ناعقل ہے اور نا تاریخ کاعلم ہے، مہنگائی سے مارے لوگ ہمارے دست بازوبن گئے ہیں،جب عوام تحریک کا اس حد تک ساتھ دیتے ہیں تو ظلم کی زنجیریں کٹ جاتی ہیں، یقین دلاتاہوں آپ کی جیت جلد ہونے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹ سے نہیں کسی اورکے اشارے سے اقتدار میں آئے ہیں، آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی ہے، صنعت پر تالاپڑا ہوا ہے، جعلی حکومت کو ناپنجاب کی فکر ہے ناپاکستان کے عوام کی ،روشنیوں کے شہر میں مایوسی کے اندھیرے ہیں، لاہور کے مزدور ،محنت کش بے سہارا نہیں ہیں، پی ڈی ایم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کاکہنا تھاکہ ہماراحال تاریک ہے مگر ہمارا اورپاکستان کا مستقبل روشن ہے لیکن حکمرانوں میں سچ سننےکاحوصلہ نہیں ہے، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور خورشید شاہ جیل میں ہیں، لاہورکا مطالبہ ہےکہ شہباز شریف اور خورشید شاہ کو رہا کرو۔
انہوں نے کہا کہ طالب علم اپنا حق مانگے تو ان کے خلاف پولیس گردی، ڈاکٹر،نرسز اپنا حق مانگے تو ان پر لاٹھیاں،کسان احتجا ج کرے توکسان کوسرعام شہید کیا جاتا ہے، ظلم وجبر کی رات ختم ہونے والی ہے،پی ڈی ایم اس مزاحمت کی کڑی ہےجو بینظیر بھٹو نے شروع کی تھی،ہم سیاسی اختلافات ختم کرکے پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کٹھ پتلی اوراس کے سہولت کاروں کوللکار رہےہیں، ہم عوام کو حق حکمرانی دلانا چاہتے ہیں، یہ جنگ اقتدارکی جنگ نہیں ہے،غریب کو روٹی کپڑا اور مکان دلانےکی جنگ ہے، یہ جنگ آپ سب کی جنگ ہے،کان کھول کر سن لیں! آپ کوعوام کا فیصلہ ماننا پڑے گا اور تسلیم کرنا پڑےگا، ہم سب لانگ مارچ کرکے اسلام آباد پہنچیں گے، کٹھ پتلی کو بھگائیں گے، کٹھ پتلی کو بھگا کر ہی بات ہوسکتی ہے۔