16 ستمبر ، 2012
کراچی…وفاقی و صوبائی حکومت نے بحرین سے لائی گئی آسٹریلین بھیڑوں کو تلف کرنے کی ہدایت کردی ہے،جبکہ کمشنر کراچی نے بھیڑوں کو تلف کرانے کا کام شروع کرادیا ہے۔کمشنر کراچی روشن علی شیخ کے مطابق بحرین سے لائی گئیں 21 ہزار 268 آسٹریلوی بھیڑوں سے متعلق لیباریٹری کی رپورٹس میں تضاد پایا گیا تھا ،جس کے بعدوفاقی حکومت کے تحت سندھ کے محکمہ لائیو اسٹاک اور ویٹرنری ماہرین کا اجلاس ہوا۔اور ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ بھیڑوں کو تلف کردیا جائے۔روشن علی شیخ کا کہنا ہے کہ بھیڑوں کو انجکشن لگاکرگڑھے میں دفن کیا جائے گا اس سلسلے میں بھاری مشینری موقع پر پہنچائی جارہی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرملیراس آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کمشنرکراچی نے بتایا کہ اس آپریشن میں دو تین دن لگیں گے لیکن کوشش ہے کہ تمام کارروائی جلد سے جلد مکمل کرلی جائے۔