17 دسمبر ، 2020
لاہور: محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مزید انٹرنیشنل میچز نہ کھیلنے کی تصدیق کردی۔
محمد عامر نے ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ انہیں سائیڈ لائن کیا جارہاہے اور ذہنی اذیت دی جارہی ہے جس کے باعث وہ اس مینجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہےہیں۔
پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولر محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ان سے رابطہ کیا۔
پی سی بی کے مطابق 29 سالہ فاسٹ بولر نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کو تصدیق کی ہے کہ وہ مزید بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش نہیں رکھتے لہٰذا آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہ کیا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ محمد عامر کا ذاتی فیصلہ ہے اور پی سی بی اس کا احترام کرتا ہے لہٰذا اس معاملے پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔