متنازع زرعی قوانین کی حمایت کے بعد سنی دیول کی سیکیورٹی بڑھادی گئی

سنی دیول بھارتی پنجاب سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے رکن ہیں،فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار سنی دیول کی جانب سے متنازع زرعی قوانین  کی حمایت میں ٹوئٹ کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھادی گئی۔

 بھارتی میڈیاکے مطابق اداکار اور  بھارتی جنتاپارٹی(بی جے پی) کے رکن اسمبلی سنی دیول نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں اپنی مرکزی حکومت کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے گئے نئے لیکن متنازع زرعی قوانین کی حمایت کی تھی۔

اپنی ٹوئٹ میں سنی دیول کاکہنا تھاکہ یہ معاملہ کسانوں اور حکومت کے درمیان  حل ہورہا ہے، اس میں کسی کو مداخلت کی ضرورت نہیں، تاہم کچھ لوگ اس معاملے کو خراب کرنے اور بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کو کسانوں سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ وہ اپنے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔ 

خیال رہےکہ نئے زرعی قوانین کے خلاف پورے بھارت کے کسان سراپا احتجاج ہیں اور یہ احتجاج زیادہ تر ہریانہ اور بھارتی پنجاب میں ہورہا ہے۔

سنی دیول بھارتی پنجاب کے شہرگورداس پور سےگذشتہ الیکشن میں بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول کے بیان کے بعد ان کی سیکیورٹی 'y' کیٹیگری کردی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ اب ہر وقت ان کے ساتھ 2 کمانڈوز سمیت 11پولیس اہلکار ہوں گے۔

مزید خبریں :