Time 20 دسمبر ، 2020
دنیا

برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کی دریافت پر عالمی ادارہ صحت کا مؤقف سامنے آگیا

کورونا کی یہ نئی قسم برطانیہ کے ساتھ ساتھ نیدرلینڈ، ڈنمارک اور آسٹریلیا میں بھی پائی گئی ہے: ڈبلیو ایچ او— فوٹو: فائل 

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے پر برطانیہ کے عہدیداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

برطانیہ میں زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی کورونا کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے جس کے بعد  لاک ڈاؤن کے چوتھے درجے کی پابندیاں متعارف کرادی گئی ہیں۔

اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ برطانیہ کوروناوائرس میں تبدیلیوں کے بارے میں جاری مطالعے سے معلومات شیئر کررہا ہے، وائرس کی مختلف حالتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد رکن ممالک اور عوام کو آگاہ کیا جائےگا۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا کی یہ نئی قسم برطانیہ کے ساتھ ساتھ نیدرلینڈ، ڈنمارک اور آسٹریلیا میں بھی پائی گئی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نیدرلینڈ نے برطانوی پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مزید خبریں :