20 دسمبر ، 2020
کورونا وائرس کی نئی قسم کے بعد سخت لاک ڈاؤن سے بچنے کیلئے لوگ لندن چھوڑ کر جانے لگے۔
برطانیہ میں زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی کورونا کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے جس کے بعد لاک ڈاؤن کے چوتھے درجے کی پابندیاں متعارف کرادی گئی ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چوتھے درجے کی پابندیوں سے بچنے کیلئے لوگ لندن چھوڑ کرجانے لگے ہیں جس کے باعث ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کا ہجوم اور سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پرہجوم اسٹیشنوں پربرٹش ٹرانسپورٹ پولیس کے اضافی افسران کی تعیناتی شروع کردی گئی ہے۔
برطانوی وزیر صحت مٹ ہینکاک نے لندن سے فرار ہونے والوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور غیرذمہ دارانہ عمل قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹ سیکرٹری گرانٹ شیپس کا کہنا ہے کہ پولیس ضروری کام سے جانے والوں کے سفر کو محفوظ بنائے گی، ٹئیر فورکے رہائشی کسی دوسرے مقام پر رات بسر نہیں کرسکتے۔