22 دسمبر ، 2020
نیپئر: قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد پاکستان واپس آ جائیں گے۔
وقار یونس اپنی فیملی سے ملنے کی غرض سے وطن واپس آئیں گے کیونکہ وہ جون سے لے کر اب تک اپنی فیملی سے نہیں ملے۔
وقار یونس کی فیملی رواں ہفتے پاکستان پہنچ جائے گی جنہیں 17 جنوری کو واپس آسٹریلیا روانہ ہونا ہے۔
بالنگ کوچ نے ٹیم منیجمنٹ سے درخواست کی تھی کہ وہ لاہور میں اپنی فیملی کے ساتھ کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔
وقار یونس 26 جنوری سے جنوبی افریقا کے خلاف شروع ہونے والی سیریز سے قبل ایک بار پھر قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا کا کہنا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے فوری بعد ہمیں جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے جو 14 فروری تک جاری رہے گی تاہم دوسری طرف وقار یونس جون کے بعد سے اب تک اپنی فیملی کو نہیں ملے،لہٰذاہم نے ان کی جلد وطن واپسی سے متعلق درخواست منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ کچھ وقت اپنے بچوں اور اہلیہ کے ساتھ گزار سکیں۔
منصور رانا نے کہا کہ اگر وقار یونس پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ سے وطن واپس پہنچتے ہیں توپھر انہیں اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے محض ایک ہفتہ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کے لیے فیملیز پہلے آتی ہیں اور ماضی میں بھی ایسی کئی مثالیں ملتی ہیں کہ جس میں ہم نے ورک لائف بیلنس کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھیوں کو رخصت دی ہو۔