دنیا
Time 24 دسمبر ، 2020

بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے تجارتی تعلقات کیسے ہونگے؟ بالآخر معاہدہ ہوگیا

بریگزٹ (یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی) کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کی نوعیت کیا ہوگی؟ اس حوالے سے طویل بحث کے بعد بالآخر معاہدہ طے پاگیا۔ 

حکومتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیل کے ذریعے برطانوی عوام سے ریفرنڈم اور انتخابات کے موقع پر کیے جانے والے وعدے پورے ہوگئے ہیں۔ 

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ٹوئٹ کی کہ ’ڈیل ہوگئی ہے، برطانیہ یورپی یونین کا اتحادی اور اہم ترین مارکیٹ برقرار رہے گا‘۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ کرنسی، بارڈر کنٹرول، قانون، تجارت اور ماہی گیری پر برطانوی کنٹرول واپس لے لیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق صفر ٹیرف اور صفر کوٹے پر یورپی یونین سے پہلا آزادانہ معاہدہ کیا گیا جو کہ پورے ملک کے بزنسز اور خاندانوں کیلئے زبردست خبر ہے۔ برطانیہ کےساتھ بریگزٹ ٹریڈ ڈیل طے ہونے پر صدر یورپی کمیشن ارسلا وین ڈرلین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک لمبے اور پر پیچ راستے کا اختتام ایک اچھے معاہدے پر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک متوازن اور مساوی ڈیل ہے، اور تجارتی معاملات طے کرنا ایک ذمہ دارانہ اور درست عمل ہے۔ 

صدر یورپی کمیشن نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام معاملات بشمول ماحولیاتی تبدیلی، توانائی، سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ میں تعاون جاری رکھا جائے گا، اب بھی متفق رہ کر ہم بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔

یورپی کمیشن کے مطابق یورپی سرحدوں پر برطانوی پاسپورٹ رکھنے والے آل پاسپورٹ کی لائن میں لگا کریں گے، برطانوی شہری ای یو پاسپورٹ کی لائن استمعال نہیں کرسکیں گے اور یورپ میں مستقل رہائش رکھنے والے برطانوی شہریوں کو یورپ میں M کارڈ کا اجرا ہوگا۔ 

خیال رہے کہ برطانیہ نے 2016 میں ریفرنڈم کرایا تھا جس میں عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے انخلاء کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ 31 دسمبر 2020 کو رات 12 بجے برطانیہ باضابطہ طور پر یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔

یورپی یونین سے طے پانے والے معاہدے کی توثیق برطانوی پارلیمنٹ سے ضروری ہے جس کے لیے دونوں ایوانوں کا اجلاس 30 دسمبر کو طلب کرلیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ یورپی یونین کی جانب سے بھی 2 ہزار صفحات پر مشتمل معاہدے کی کاپی 27 یورپی یونین کے رکن ممالک کو بھیجی جائے گی جو دو سے تین دن میں اس کی توثیق کریں گے۔

تمام رکن ممالک کی توثیق کے بعد معاہدہ یورپی یونین کے سرکاری جرنل میں شائع ہوگا اور یکم جنوری 2021 سے نافذ العمل ہوجائے گا۔

مزید خبریں :