25 دسمبر ، 2020
پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت صوبائی مقابلے کے امتحانات میں انوکھے انکشافات کیے گئے۔
کمیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ان امتحانات میں شریک امیدوار عموماً انگریزی، جنرل نالج اور مطالعہ پاکستان کے مضامین میں کمزور ہوتے ہیں جس کے تحت اہل امیدواروں کی کمی کے باعث ہر سال سیکڑوں اسامیاں خالی رہ جاتی ہیں۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن نے رواں سال کے دوران مختلف صوبائی محکموں کے لیے 9 ہزار 406 خالی اسامیاں مشتہر کیں جن کے لیے 4 لاکھ 82 ہزار 542 امیدوار سامنےآئے ان میں سے 19 ہزار 678 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا لیکن 16 ہزار 924 امیدوار وں نے انٹرویو دیا۔
کمیشن کی رپورٹ کےمطابق ان میں سےایک ہزار 452 اسامیاں مطلوبہ قابلیت کے امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے خالی رہ گئیں، اسی طرح صوبائی مقابلے کے امتحان میں بھی نااہل امیدواروں کی وجہ سےکئی اسامیاں خالی رہ جاتی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پچھلے سال گریڈ 17 کی کل 84 نشستوں کے لیے 13 ہزار 236 امیدوار سامنے آئے، ان میں سے 5 ہزار 417 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے اور صرف 138 نے تحریری امتحان پاس کیا، 136 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا،جن میں سے صرف 59 کامیاب قرار پائے جب کہ باقی 25 نشستیں موزوں امیدوار نہ ملنے کی وجہ سے خالی رہ گئیں۔
پنجاب پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ میں مزیدانکشاف کیا گیا کہ پچھلے سال کے دوران صوبائی مقابلے کے امتحانات میں شریک امیدواروں میں سے 84 فیصد انگریزی، 73 فیصد جنرل نالج اور 50 فیصد مطالعہ پاکستان کے مضامین میں فیل ہوئے۔