لندن میں سخت لاک ڈاؤن، پریانکا چوپڑا اور آفتاب بھی پابندی کے نرغے میں آگئے

کورونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد لندن اور دیگر مقامات پرسخت پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں— فوٹو: فائل 

برطانیہ میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور آفتاب شیودسانی لندن میں پھنس گئے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد لندن اور دیگر مقامات پرسخت پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں جبکہ متعدد ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں بھی عائد کردی ہیں۔

ایسے میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور اداکار آفتاب شیودسانی بھی لندن میں پھنس گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اداکارہ پریانکا چوپڑا اپنی ہالی وڈ فلم ’ٹیکسٹ فار یو‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لندن میں تھیں اور اب کورونا لاک ڈاؤن کے باعث فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے جبکہ اداکارہ اور دیگر عملہ بھی پھنس گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کے باعث اداکارہ اور عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا جبکہ کوشش کی جارہی ہے خصوصی اجازت لے کر عملےکو امریکا منتقل کیا جائے تاہم سخت قوانین کے باعث یہ اجازت جلد ملنے کا امکان نہیں۔

دوسری جانب بالی وڈ اداکار آفتاب شیودسانی بھی کورونا لاک ڈاؤن کے باعث فیملی کے ہمراہ لندن میں پھنس گئے ہیں۔

انہیں بھارت واپس آکرفلم کی شوٹنگ میں حصہ لینا تھا تاہم اب وہ بھی لندن میں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے چوتھے درجے کی پابندیاں متعارف کرائی ہیں۔

مزید خبریں :