Time 26 دسمبر ، 2020
کھیل

شاداب خان نیوزی لینڈ کے بعد جنوبی افریقا کیخلاف سیریز سے بھی باہر

فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو انجری کے باعث ڈاکٹرز نے 6 ہفتے آرام تجویز کیا ہے اور اس طرح وہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ اور جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے۔

آل راؤنڈر شاداب خان زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں بھی ٹانگ کی تکلیف کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے اور اس کے بعد اس دعوے کے ساتھ کہ شاداب خان مکمل فٹ ہو گئے ہیں انہیں دورہ نیوزی لینڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا۔

14 روز کے قرنطینہ کے بعد جب ٹریننگ کا وقت آیا تو ایک بار پھر شاداب خان کو ٹانگ میں تکلیف کی شکایت ہوئی لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انہیں فٹ قرار دے دیا گیا اور انہوں بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی۔

شاداب خان کی انفرادی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی جس کی وجہ سے ان کی فٹنس پر سوالات اٹھائے جانے لگے تھے۔

ٹیسٹ اسکواڈ کے ترنگا پہنچنے کے بعد اعلان کیا گیا کہ شاداب خان ٹانگ میں تکلیف کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

اب شاداب خان کا ایم آر آئی اسکین کرایا گیا ہے اور اس کی رپورٹ کی روشنی میں انہیں ڈاکٹرز نے 6 ہفتے آرام کا کہا ہے۔

پی سی بی کے مطابق آل راؤنڈر شاداب خان اپنی بائیں ٹانگ میں انجری کے باعث 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں لہٰذا وہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ اور جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

اسکین میں تشخیص ہوئی ہے کہ شاداب خان کی بائیں ٹانگ کے ریکٹس فیمورس مسل میں بڑا گریڈ ٹئیر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ڈاکٹر ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ ایم آر آئی سیکن میں تشخیص ہوئی ہے کہ شاداب خان کی یہ انجری پرانی نہیں بلکہ ابھی نئی ہوئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز 26 جنوری سے 14 فروری تک جاری رہے گی۔

شاداب خان قومی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ میں ہی موجود رہیں گے جہاں پی سی بی کا میڈیکل پینل ان کا ری ہیب پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں :