Time 29 دسمبر ، 2020
پاکستان

پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس، شرکاء کی اکثریت نے اسمبلیوں سے استعفوں کی مخالفت کردی

بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس ہوا جس میں شرکاء کی اکثریت نے اسمبلیوں سے استعفوں کی مخالفت کردی۔

شرکاء نے کہا کہ اگر سابق وزیر اعظم نواز شریف وطن واپس آکر لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہیں تو استعفوں پر غور کیا جاسکتا ہے، قبل ازوقت استعفوں سے حکومت کو اٹھارہویں آئینی ترمیم اور دیگر جمہوری قوانین کو ختم کر نے کا موقع مل جائے گا۔

اجلاس میں قانونی ماہرین نے رائے دی کہ استعفے سینیٹ الیکشن میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتے، استعفوں کے بعد کا لائحہ عمل بھی واضح نہیں ہے، آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اعلامیے میں واضح تھا کہ استعفے مناسب وقت پر دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ارکان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مقاصد کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت مخالف مہم میں کسانوں، وکلا، تاجر اور ڈاکٹر تنظیموں سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ ہمیشہ کی طرح تمام جمہوری قوتوں کوساتھ لےکرچلیں۔

مزید خبریں :