’نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے سے انکار پر خواجہ آصف کو کہا گیا نتائج دیکھ لیجئے گا‘

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز  کا ردعمل سامنے آگیا۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ خواجہ آصف پر نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا تھا، انکار پر اسلام آباد سے اغوا کیا گیا، جب ان کو کچھ بھی نہیں ملا تو آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمے کا سہارا لیا۔

رہنما مریم نواز نے کہا کہ خواجہ آصف نے انہیں بتایا تھا کہ کسی نے انہیں بلایا اور کہا کہ آپ نواز شریف کو چھوڑ دیں، آپ کے کیسز 15 دن میں ختم ہو جائیں گے، خواجہ آصف نے انکار کیا تو کہا گیا کہ نتائج دیکھ لیجیے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ کہا کہ خواجہ آصف نے مجھے بتایا کہ انہیں نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے کا کہا گیا لیکن انہوں نے منع کردیا جس کے جواب میں انہیں کہا کہ اس کے نتائج آپ جلد دیکھ لیں گے۔

مریم کے مطابق  خواجہ آصف کو اگر جلد رہا نہ کیا گیا تو سخت ردعمل دیا جائے گا، نواز شریف تب تک پاکستان نہیں آئیں گے جب تک ان کا علاج مکمل نہیں ہو جاتا۔