30 دسمبر ، 2020
ملکی دفاع کے سلسلے میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے جے ایف 17 بلاک بی ڈبل سِیٹ طیارے پاک فضائیہ کے حوالےکر دیےگئے ہیں اور جے ایف 17 بلاک 3 کی تیاری بھی شروع کردی گئی۔
جے ایف 17 بلاک بی ڈبل سیٹ کی فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان مہمان خصوصی تھے، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ اور نائیجرین حکام بھی شریک ہوئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ہمہ وقت مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہے،جب ہم پر جارحیت مسلط ہوئی تو ہم نے اس کا بھرپور جواب دیا تھا،آئندہ بھی مشکل وقت آیا تو وطن کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔
ائیرچیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات کی تاریخ میں آج تاریخی دن ہے، آج جے ایف 17 بلاک بی کے ڈبل سیٹ طیاروں کی شمولیت ہورہی ہے اور آج ہی کے روز جے ایف 17 بلاک 3 کی طرف بھی پیش رفت کر رہے ہیں، یہ سنگ میل عبور کرنے پر چین کے شکر گذار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 نے مختلف آپریشنز بالخصوص حربی صورت حال میں اہم کردار ادا کیا، جے ایف 17 نے فروری میں بھارت کی جارحیت میں بھی اہم پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ 2020ء میں کورونا وبا کا عالی چیلنج سامنے تھا،پاک فضائیہ نے کورونا سمیت تمام چیلنز میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا،کورونا کو جے ایف 17 کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا،وزارت دفاعی پیداوار کے بھی شکر گذار ہیں جنہوں نے بھرپور تعاون کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پی اے سی کامرہ فضائیہ کی ضروریات پوری کرنے میں دن رات کوشاں ہے،پاک فضائیہ کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے جے ایف 17 بلاک 3 تیار کررہے ہیں، جے ایف 17 بلاک 3 جدید ہتھیاروں اور سہولیات سے لیس ہوگا، پاکستان کی فضائی سرحدوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
اس موقع پر چینی سفیر نےکہا کہ دفاعی پیداوار میں تعاون پاک چین دوستی کی مثال ہے ، جے ایف17 بلاک ٹو ڈبل سیٹ کی کامیابی سے پاک فضائیہ میں شمولیت کی مبارک دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ کا جے ایف 17 بلاک تھری کی تیاری بہت اہم منصوبہ ہے، جے ایف 17 وقت کے ساتھ بہترین طیارہ ثابت ہوا ہے، جے ایف 17 اس وقت چین میں سپر اسٹار فائٹر ہے ،پاکستان جدید فائٹرز بنانے والے چند ممالک میں سے ایک ہے،دونوں ممالک مل کر ایسی کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف 17 بلاک 3 کی تیاری شروع کردی گئی ہے جو کہ بھارت کے حاصل کردہ فرانسیسی رافیل طیاروں سے بہتر ہے۔
ترجمان کے مطابق جے ایف 17 بلاک بی ڈبل سیٹ طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کر دیے گئے ہیں،یہ طیارے تربیت کے لیے بھی استعمال ہوں گے، پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیارے نائیجیریا کو بھی فروخت کیے گئے ہیں۔