02 جنوری ، 2021
ملک بھر میں گیس فراہمی کی بدترین صورت حال برقرار ہے اور سردی کی شدت میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
کراچی میں گیس کی قلت سے گھریلو اور صنعتی صارفین پریشان ہیں، تندوروں، چائے خانوں اور ہوٹلوں پر بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
شدید سرد موسم میں رہائشی علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے اور پریشر میں کمی کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
گوجرانوالہ میں سردی بڑھتے ہی چولہوں سے گیس غائب ہوگئی ہے اور شہری مہنگے سلینڈر خریدنے پر مجبور ہیں۔
ملتان میں گیس کی قلت کے باعث سی این جی اسٹیشنز بند کردیے گئے جس کے باعث شہری پریشان ہیں۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس پریشر میں کمی کامسئلہ برقرار ہے،نواں کلی،سریاب روڈ، بروری، بائی پاس و دیگر علاقوں میں گیس پریشرکم ہے جس کے باعث گھریلو اور کاروباری صارفین کو مشکلات کاسامنا ہے۔
اس کے علاوہ زیارت اورقلات میں بھی گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کی مشکلات بڑھی گئی ہیں اور سخت سردی کے باعث شہری مہنگی لکڑی جلانے پر مجبور ہیں۔