Time 03 جنوری ، 2021
پاکستان

مچھ واقعہ: کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری کا دھرنا جاری

بلوچستان کے علاقے مچھ میں کان کنوں کے قتل کے واقعے کے خلاف کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر ہزارہ برادری کا احتجاج جاری ہے۔

 کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر دوپہر سے ہزارہ برادری نے دھرنا دے رکھا ہے۔ 

رہنما مجلس وحدت مسلمین آغا محمد رضا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے یا مستعفی ہوجائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم خود کوئٹہ آئیں، غم زدہ خاندانوں کی دل جوئی کریں۔

مغربی بائی پاس پرجاری احتجاج کے باعث بلیلی چیک پوسٹ سے ائیرپورٹ روڈ چوک تک شدید ٹریفک جام ہے اور روڈ پر درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں ہیں جس کے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

دوسری جانب مچھ واقعے میں جاں بحق کان کنوں کی میتیں ہزارہ ٹاؤن میں امام بارگاہ ولی عصر پہنچادی گئیں ہیں جہاں لواحقین سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں کوئلہ فیلڈ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 11 کان کن جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

مزید خبریں :