ڈرامہ ارطغرل غازی کے’’ ابن العربی‘‘ فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند

فائل:فوٹو

شہرہ آفاق ترکش ڈرامے ارطغرل غازی میں ابن العربی کا کردار اداکرنے والے تُرک نژاد امریکی اداکار عثمان سویقوت نے پاکستانی اداکار فیروز خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار  کیا ہے۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پاکستانی اداکار فیروز خان کی جانب سے ترکش ڈرامہ ارطغرل غازی کے معروف صوفی بزرگ ابن العربی کا مشہور قول ’’ تنہائی بہادری کے راستے میں ایک ناگزی دوست ہے ‘‘شیئر کیا گیا۔

پاکستانی اداکار کی اس پوسٹ کے بعد امریکی نژاد ترکش اداکار عثمان سویقوت نے فیروز خان کی انسٹاگرام پوسٹ کو دوبارہ شیئر کرتے ہوئے شکریہ کا پیغام لکھا۔

ترکش اداکار عثمان سویقوت کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں اداکار نے عظیم بزرگ ابن العربی کے اقوال شیئر کرنے پر فیروز خان کا شکریہ اداکیا۔

ترکش اداکار کا کہنا تھا کہ ’’میں نے سنا ہے کہ آپ نے اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کر لی ہے، مجھے یقین ہے کہ اعلیٰ مقصد کی خدمت کے لیے بہت سے طریقے ہیں‘‘۔

عثمان سویقوت نے مزید لکھا کہ براہ کرم مجھے بتائیں کیا میں آپ کے لیے کچھ کر سکتا ہوں یا اگر آپ کچھ پروجیکٹس پر میرے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیں۔

 واضح رہے کہ اسلام کی خاطر فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو خیر باد کہنے والے مقبول اداکار فیروز خان  شوبز میں واپسی کا اعلان بھی کر چکے ہیں۔

اداکار انڈسٹری میں اپنی واپسی کی وجہ اپنے شیخ حضرت سلطان محمد علی حق باہو کو قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ حضرت سلطان محمد علی صاحب نے مجھے شوبز نہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :