Time 04 جنوری ، 2021
دلچسپ و عجیب

16 سالہ نوجوان مشین میں پھنس کر ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا

فوٹو: فائل

بھارتی شہر جے پور میں واقع نہر گڑھ میں آٹے کی چکی میں کام کرنے والا 16 سالہ نوجوان حادثے کا شکار ہو  گیا جس کے باعث اس کی لاش منٹوں میں ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جے پور میں واقع کھاڈینوال فلور مل میں نوجوان کی دل دہلانے والی موت کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب آٹے کی مل میں گندم پیسنے کا کام جاری تھا۔

اسی دوران بالکونی سے گندم کی بوری اتارتا 16 سالہ امیت چکی میں گر گیا جس کے بعد نوجوان کا پورا جسم منٹوں میں ٹکڑوں ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا۔

 رپورٹ کے مطابق دل دہلادینے والا واقعہ اتنا درد ناک تھا کہ پولیس کو امیت کا ہاتھ اور کمر چکی سے الگ کرنا پڑی، گرنے کے بعد امیت کی ٹانگیں اور سر مشین سے باہر تھے جبکہ جسم مشین کے اندر پھنس گیا تھا۔

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی محنت اور گیس کٹر سے مشین کاٹنے کے بعد ڈیفینس ٹیم امیت کی لاش کو مشین سے نکالنے میں کامیاب ہوئی۔

ہلاک نوجوان امیت کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ آٹے کی چکی پر کام کرتی تھی اور بیٹے نے صرف 2 ماہ قبل ہی چکی پر کام کرنا شروع کیا تھا۔ والدہ کے مطابق امیت کہتا تھا کہ وہ اب بڑا ہو گیا ہے لہٰذا کام کرنا چاہتا ہے۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے آٹے کی چکی کے مالکان کے خلاف چائلڈ لیبر اور غفلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔  

مزید خبریں :