06 جنوری ، 2021
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مچھ واقعے پر کہا ہے کہ دکھی ماؤں، بہنوں کے لیے اپنے پیاروں کا قتل معمولی سانحہ نہیں، پوری قوم آپ کے غم میں شریک ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کے والد نواز شریف بھی واقعے پر بہت دکھی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’آپ ایک بے حس اور پتھر دل انسان کا انتظار نہ کریں، وہ آپ کو یا عوام کوجوابدہ نہیں، اپنے پیاروں کی میتیں ﷲ کے حوالے کرکے سپرد خاک کردیں‘۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر بیان میں مچھ سانحے کے متاثرین کو اپنے کوئٹہ آنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور لواحقین سے اپیل کی ہےکہ وہ اپنے پیاروں کی تدفین کردیں وہ جلد کوئٹہ آئیں گے۔
تاہم وزیراعظم کی کوئٹہ آنے کی یقین دہانی اور سانحہ مچھ کے شہدا کی تدفین کی اپیل کے بعد بھی کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا میتوں کےساتھ دھرنا جاری ہے۔
وزیراعظم سے پہلے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھی امام بارگاہ ولی عصر اور دھرنے میں جا کر شرکا سے شہدا کی جلد تدفین کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس سے پہلے وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزرا علی زیدی، معاون خصوصی ذلفی بخاری کے بھی مذاکرات ناکام ہوئے تھے۔