پاکستان
Time 08 جنوری ، 2021

سانحہ مچھ: ضلعی انتظامیہ کا دھرنا منتظمین سے افغان میتوں کی حوالگی کا مطالبہ

سیکیورٹی تھریٹ اور کورونا کی وجہ سے دھرنا فوری ختم کیا جائے، ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو ذمہ دار دھرنے کے منتظمین ہوں گے، ضلعی انتظامیہ— فوٹو: فائل

کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے دھرنے کے منتظمین کو خبردار کیا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے جبکہ سیکیورٹی تھریٹ بھی جاری ہوا ہے اس لیے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دھرنا فوری طور پر ختم کیا جائے۔

ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل مجسٹریٹ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی نے مچھ سانحہ کے دھرنے کے منتظمین سے اہم و ضروری معلومات طلب کی ہیں جس میں پہلی بات 7 افغان شہداء کی میتوں کی فوری طور پر حوالگی کا مطالبہ ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ افغان حکومت نے پاکستانی وزارت خارجہ سے  تحریری طور پر ان میتوں کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے اس لیے ان شہداء کے اصل خونی رشتہ داروں کو ہمارے سامنے پیش کیا جائے تاکہ ان کو معاوضہ کی ادائیگی کی جاسکے۔

 کوئٹہ کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دھرنے کے منتظمین ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی تعاون نہیں کررہےہیں، مذاکرات میں ڈیڈ لاک سے پیچیدگی پیدا ہورہی ہے، ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا کہ سخت سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اگر خدانخواستہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کے ذمہ دار دھرنے کے منتظمین ہوں گے۔

مزید خبریں :