Time 11 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

ارطغرل غازی کے اہم کردار کا تھیلیسیمیا سے متاثرہ پاکستانی بچوں کیلیے خون کا عطیہ

فوٹو: سوشل میڈیا

شہرہ آفاق ترکش ڈرامے 'ارطغرل غازی' میں عبدالرحمان کا کردار ادا کرنے والے جلال آل چند روز قبل ڈرامے کی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچے تھے۔

گزشتہ روز ترک اداکار جلال آل کراچی کے عمیر ثناء فاؤنڈیشن اور چلڈرن اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو خون کا عطیہ دیا۔

اس ضمن میں ترک اداکار نے کہا کہ میں اپنا خون تھیلیسیمیا سے متاثرہ پاکستانی بچوں کو عطیہ کر رہا ہوں، ایسا کرنے سے ناصرف پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلق مضبوط ہوگا بلکہ اس سے دوسروں کو بھی خون عطیہ کرنے کا حوصلہ ملے گا۔

ترک اداکارہ جلال آل نے اس موقع پر قرآن پاک کی تلاوت بھی کی اور ساتھ ہی 'پاکستان زندہ باد' اور 'پاکستان ترکی دوستی زندہ باد' کا نعرہ بھی لگایا۔

عمیر ثناء فاؤنڈیشن اور چلڈرن اسپتال کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ پاکستانی بچوں کے لیے ترکی سے خون کا عطیہ دیا جا رہا ہے، اس سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

علاوہ ازیں ترک اداکار جلال آل کا کہنا تھا کہ ترک اور پاکستانی ایک دوسرے کے بھائی ہیں لیکن وہ پاکستان میں ترکی اور اس کی عوام کے لیے اس قدر محبت کی توقع نہیں کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پاکستانی کھانا بے حد اچھا لگا، خاص طور پر بریانی اور لیمب کو انہوں نے اسلام آباد میں کھایا تھا، ترک اداکار جلال آل نے کراچی میں بھی بریانی کھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :