Time 11 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

انیل کپور نے مالی حالات کی وجہ سے کون سی فلمیں صرف پیسوں کی خاطر کیں؟

فائل فوٹو

سیکڑوں بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے انیل کپور نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں صرف پیسوں کی خاطر متعدد فلمیں کی ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکار سے سوال پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے کبھی کوئی فلم صرف پیسوں کی خاطر کی ہے؟

اس سوال کے جواب میں اداکار انیل کپور نے کہا 'ہاں بلکہ میں ان کے نام بھی بتا سکتا ہوں، فلم انداز اور ہیر رانجھا'۔

انیل کپور نے بتایا کہ فلم 'روپ کی رانی چوروں کا راجا' کے بعد ہماری فیملی مالی بحران کا شکار تھی اور اس وقت ہم سب نے وہی کیا جو زندہ رہنے کے لیے کیا جاتا ہے'۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ مجھے یہ سب بتانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، فلم 'روپ کی رانی چوروں کا راجا' 1993 میں ریلیز ہوئی تھی جو کہ باکس آفس پر انتہائی ناکام ثابت ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میری فیملی اور میں وہ مشکل وقت پیچھے چھوڑ آئے اور اس کے بعد سے اب تک ہمیں اتنے سخت حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑا،  اگر ہماری قسمت کبھی واپس ہمیں مشکل وقت کی طرف لے آتی ہے تو میں اپنے گھر والوں کی خاطر کچھ بھی کرنے سے قبل دو بار نہیں سوچوں گا۔

خیال رہے کہ بھارتی اداکار انیل کپور جلد فلم 'جُگ جُگ جیو' میں اداکارہ نیتو سنگھ، ورون دھون اور کیارا اڈوانی کے ساتھ نظر آئیں گے۔

مزید خبریں :