پاکستان
Time 12 جنوری ، 2021

عثمان بزدار نے لاہور میں گندگی کا نوٹس لے لیا، فوری کوڑا اٹھانے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہورمیں صفائی کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے 5 ہزار ٹن کوڑا فوری اٹھانے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا سے مکمل صحت یابی کے بعد باقاعدہ حکومتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور  پہلا اجلاس لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور صفائی کی صورت حال کے بارے میں طلب کیا۔ 

اجلاس میں لاہور سے کچرا اٹھانے کے لیے نئے کنٹریکٹرز کے انتخاب پرغور کیا کیا گیا جب کہ  اجلاس میں بتایا گیا کہ 25 ہزار ٹن کچرے میں سے 20 ہزار ٹن ٹھکانے لگا دیا گیا ہے اور باقی بھی جلد کلیئر کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہے، شہر میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں، ایل ڈبلیو ایم سی اور انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر میٹنگ کریں اور صفائی کے پلان کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے۔

 وزیراعلیٰ نے شہر میں زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کی صفائی کے لیے دن رات ایک کیا جائے، صفائی کے نئے نظام کے حوالے سے کمپنی کا بورڈ حتمی فیصلہ کرے اور تمام امور قواعد وضوابط کے تحت جلد ازجلد نمٹائے جائیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے صفائی کے انتظامات پر کوتاہی برداشت نہیں، پہلے ہی بہت تاخیر ہو چکی ہے۔ اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بورڈ کے فیصلوں کو مکمل سپورٹ کرے گی۔

مزید خبریں :