دنیا
Time 13 جنوری ، 2021

ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے ایوان نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی شروع

امریکی نائب صدر مائیک پنس کے انکار کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے امریکی ایوان نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی شروع کردی۔

منگل کو امریکی ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کو 25 ویں آئنی ترمیم کے ذریعے ہٹانے کی قرارداد 223 ووٹوں کے ساتھ منظورکی گئی جبکہ قرارداد کی مخالفت میں 205 ووٹ آئے۔

قرارداد ڈیموکریٹک میری لینڈ کے رکن جیمی راکسن نے پیش کی جس میں کہا گیاکہ امریکی نائب صدر مائیک پنس 25 ویں ترمیم کے سیکشن 4 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ کا نااہل قرار دیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز ہی مائیک پنس نے اسپیکر نینسی پلوسی کو خط میں صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے غلط روایات جنم لیں گی۔

مائیک پنس کے انکار کے بعد اب بدھ کو ایوان میں صدرٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی شروع ہونے کا امکان ہے۔

 اگر ایوان نمائندگان میں قرارداد پاس ہوگئی تو معاملہ سینیٹ میں بھیجا جائے گا جبکہ سینیٹ میں 19 جنوری تک چھٹیاں ہیں اور ری پبلکنز بائیڈن کی حلف برداری سے پہلے ٹرمپ کے مواخذے کے حق میں نہیں ہیں۔

دوسری جانب  امریکی صدر ٹرمپ نے دوسرے ممکنہ مواخذے کے خلاف خبردار کرتےہوئے کہا ہے کہ اُن کے مواخذےکی کوشش عوام میں سخت ناراضی کاباعث بن رہی ہے، 25 ویں ترمیم سے کوئی خطرہ نہیں، یہ وقت پرامن رہنے اور اپنے جذبات پر قابورکھنے کا ہے۔

مزید خبریں :