پاکستان
Time 13 جنوری ، 2021

نگورنوکاراباخ جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت پر شکر گزار ہیں: آذری وزیر خارجہ

پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے درمیان اسلام آباد میں سہ ملکی مذاکرات ہوئے جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

سہ ملکی مذکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے اپنے وفود کے ہمراہ شرکت کی۔

دوران مذاکرات، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

سہ ملکی مذاکرات کے بعد پر تینوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ 

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک میں زمینی اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے، تجارت سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں، ترکی اور آذربائیجان کے جموں و کشمیر تنازع پر حمایت پر شکرگزار ہیں۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی پیداوار کے شعبہ میں تعلقات پر بھی بات ہوئی، خاص طور پر ہیلی کاپٹرز اور مشاک طیاروں پر بات ہوئی، تینوں ممالک نے سیکیورٹی استحکام اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے آرمینیا کے خلاف جنگ میں ساتھ دینے پر پاکستان اور ترکی کا شکریہ ادا کیا، پاکستانی کمپنیوں کو نئے آزاد شدہ علاقوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔  

مزید خبریں :