14 جنوری ، 2021
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن کے نمائندے کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
فیصل واوڈا کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔
آج بھی فیصل واوڈا کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ریکارڈ جمع نہیں کرایا گیا جس پر جسٹس عامر فاروق نے وکیل صفائی سے استفسار کیا یہ بتائیں فیصل واؤڈا امریکی شہری تھے، انہوں نے شہریت کب ترک کی؟
جسٹس عامر فاروق نے فیصل واوڈا کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ جواب داخل کرانے سے کیوں شرما رہے ہیں؟ آپ کے موکل کا کنڈکٹ درست نہیں، جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے کے اپنے نتائج ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہتے ہیں کہ عدالتیں کام نہیں کرتیں، مورخ دیکھے تو لکھے کہ عدالتوں میں کیا ہوتا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل بیرسٹرجہانگیر جدون نے کہا کہ کیس میں اب تک 16 سماعتیں ہو چکیں، ابھی تک جواب ہی داخل نہیں کرایا، اس کا ایک حل ہے کہ فیصل واوڈا کو ذاتی حیثیت میں طلب کر کے پوچھا جائے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن کے نمائندے کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 8 فروری تک ملتوی کر دی۔