14 جنوری ، 2021
بالی وڈ پروڈیوسر ، اداکارہ اور اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ فیمنزم پر اپنے خیالات اور نظریات کے حوالے سے شہرت رکھتی ہیں۔
ٹوئنکل کھنہ کے مطابق وہ فیمنزم اور یکساں معاشرے اور حقوق کی حامی ہیں اورخواتین کے حقوق کی عملبردار بھی ہیں۔
حال ہی میں ٹوئٹر پر ایک صارف نے ٹوئنکل کھنہ کی ایک پرانی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے فیمنسٹ خیالات کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں۔
صارف نے کیپشن میں لکھاکہ ٹوئنکل کھنہ نے مردوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرکے حاضرین کو تقسیم کردیا، مجھے یقین ہے کہ اس پر انہیں ضرور ٹرول کیا گیا ہوگا۔
اس پر ٹوئنکل کھنہ نے بھی ان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس وقت تو میں ٹرول نہیں کی گئی تھی تاہم آپ نے اس مرتبہ ٹرول کرنا یقینی بنادیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2018 میں ایک ایونٹ کے دوران ٹوئنکل کھنہ سے سوال کیا گیا کہ انہیں کب لگا کہ وہ ایک فیمنسٹ ہیں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ اپنی والدہ اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کے ساتھ رہ کر بڑی ہوئی ہیں، جنہوں نے مجھے سکھایا کہ عورت کو مرد کی ضرورت نہیں ۔
لیجنڈ اداکار راجیشن کھنہ کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی برابری اور فیمنزم کی بات نہیں کی لیکن یہ بات واضح ہے کہ وہاں کسی مرد کی بالکل بھی ضرورت نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایک مردکا ہونا بہت اچھی بات ہے لیکن یہ ایسے ہی ہے جیسے آپ کے پاس ایک خوبصورت ہینڈ بیگ ہو لیکن اگر آپ کے پاس پلاسٹ بیگ بھی ہو تو وہ بھی وہی کام کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے ہی خیالات میں بڑی ہوئی ہیں اور طویل عرصے تک مجھے لگتا تھا کہ مردوں کی کوئی خاص ضرورت بھی نہیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے اس موقع پر مردوں کا مذاق بھی اڑایا اور کہا کہ مرد خواتین کے مقابلے میں کمزور ہوتے ہیں، ان کے بال بھی گرنا شروع ہوجاتے ہیں اور وہ خواتین کے مقابلے میں 10 سے 15 سال پہلے مرجاتے ہیں۔
بالی وڈ پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ میرے فیمنزم کی یہی کہانی ہے کہ خواتین مردوں سے برتر تو نہیں تاہم ہم برابر ضرور ہیں۔