Time 15 جنوری ، 2021
پاکستان

کورونا ویکسین حاصل کرنے کیلئے اب تک کسی کمپنی کو آرڈر نہیں دیا: ڈاکٹر فیصل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کورونا کی ویکسین حاصل کرنے کیلئے اب تک کسی کمپنی کو آرڈر نہیں دیا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا خصوصی بات چیت میں کہنا تھا کہ نہ کسی کمپنی کو ویکسین کا آرڈر دیا ہے نہ کسی نے حامی بھری ہے تاہم فرنٹ لائن ورکرز اور دیگر کیلئے جلد از جلد ویکسین لینےکی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کیلئے چینی، روسی اوربرطانوی کمپنیز سے بات چیت چل رہی ہے، ویکسین حاصل کرنے کی جلدی ہے لیکن جلد بازی میں فیصلہ نہیں کریں گے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ایکسپرٹ کمیٹی اورڈریپ ویکسینز کی سیفٹی اورایفی کیسی ڈیٹا کا جائزہ لے رہی ہے، 7 سے 8 کروڑ افراد کو ویکسین لگانی ہے، مکس اینڈ میچ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ کمپنیز نے ڈیٹا جمع کرا دیا ہے جبکہ دیگر سے مزید ڈیٹا مانگا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10863 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 14338 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34169 ہے۔

مزید خبریں :