Time 17 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

عائشہ عمر کا اپنی والدہ کی جدوجہد سے متعلق انکشاف

فوٹو: فائل

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری خوبصورت اور باصلاحیت اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ میرے ابو کا انتقال اس وقت ہوا جب میں دو سال کی تھی اور اس کے بعد ہم کراچی سے لاہور شفٹ ہو گئے۔

 اداکارہ میرا سیٹھی کے ویب شو میں انکشاف ہوا کہ عائشہ عمر سنگل مدر کے زیر اثر پل بڑھ کر جوان ہوئیں۔

عائشہ عمر نے شو میں بتایا کہ میری طاقت مجھے میری والدہ سے ملتی ہے کیونکہ میرے ابو کا انتقال اس وقت ہوا جب میں صرف دو سال کی تھی، اس کے بعد ہم کراچی سے لاہور شفٹ ہوگئے، کراچی میں پیدا ہوئی اور لاہور میں پرورش پائی۔

اداکارہ نے والد کے انتقال کے بعد اپنی والدہ کی مشکلات اور جدوجہد کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کے ساتھ ساتھ کس طرح  والدہ اکیلے ہی  باہر کے معاملات بھی اداکرنے میں کامیاب رہیں۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ والدہ مالی معاملات سمیت ہر چیز خود دیکھا کرتی تھیں، انھوں نے والد کے انتقال کے بعد سے لے کر آج تک گھریلو ملازم کی مدد نہیں لی اور آج تک میری والدہ کے لاہور میں واقع گھر میں کوئی ملازم موجود نہیں ہے۔ 

عائشہ عمر نے بتایا کہ یہی چیز ہمیں اپنی والدہ سے سیکھنے کو ملی، میرے  فٹ لائف اسٹائل کا بھی یہی راز ہے کہ میں اپنا ہر کام خود کرتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ بہت سخت تھیں، انھوں نے اسکول لائف تک کبھی انھیں دوستوں کے ساتھ باہر جانے یا دوستوں کو رات گھر ٹھہرنے کی اجازت نہیں دی، وہ شروع ہی سے بچوں کے حوالے سے کافی فکر مند تھیں کیونکہ انھوں نے والد کے انتقال کے بعد بچوں کی پرورش تنہا کی، اس دوران انھیں کبھی کسی کا تعاون حاصل نہیں ہو سکا۔

اپنی والدہ کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے والد کنسٹرکشن کے خاندانی کاروبار میں سب سے بڑے حصہ دار تھے لیکن ان کے انتقال کے بعد سارا کاروبار خاندان میں تقسیم ہو گیا اور ان کی والدہ کو کچھ نہ ملا۔

اداکارہ کے مطابق اس وقت ان کی والدہ ایک بہت بڑے صدمے سے گزر رہی تھیں اور وہ اپنے حق کے لیے لڑ بھی نہیں سکتی تھی کیونکہ وہ جانتی ہی نہیں تھیں کہ انھیں اپنے حق کے لیے کیا کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :