پاکستان
Time 18 جنوری ، 2021

حکومت کا براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے براڈشیٹ معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں براڈ شیٹ معاملےکی تحقیقات کے لیے وفاقی وزراء شبلی فراز ، فواد چوہدری اور  شیریں مزاری پر مشتمل کمیٹی بنادی گئی ۔

شبلی فراز کمیٹی کے کنوینئرہوں گے اور یہ کمیٹی کابینہ کو 48گھنٹوں میں براڈشیٹ معاملے پر سفارشات پیش کرےگی۔

 کمیٹی 2002 سے 2018 تک براڈشیٹ کے ساتھ ہونے والے معاہدےکا جائزہ لے گی اور تحقیقات کی جائیں گی کہ اس معاملے سے کس نے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے براڈشیٹ سے فائدے کو این آر او سے تشبیہ دی۔

خیال رہےکہ سابق صدر پرویز مشرف نے نواز شریف، آصف علی زرداری، بینظیر بھٹو اور دیگر کی پراپرٹیز کا پتہ چلانےکے لیے 1999 میں اثاثہ جات ریکوری سے متعلق برطانوی فرم براڈ شیٹ کی خدمات حاصل کی تھیں۔

تاہم نیب کی جانب سے یہ معاہدہ 2003 میں ختم کردیا گیا تھا جس کے خلاف فرم نے ثالثی عدالت میں نیب کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس پر عدالت نے اگست 2016 میں نیب کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے اسے جرمانہ اداکرنے کا حکم دیا تھا۔

حالیہ دنوں میں براڈ شیٹ کیس کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :