Time 20 جنوری ، 2021
کاروبار

حکومت کا ٹیکس چھوٹ کیساتھ مزید چینی درآمد کرنے کا منصوبہ

5 لاکھ میٹرک ٹن چینی ٹی سی پی اور 3 لاکھ میٹرک ٹن خام چینی شوگر ملز سے درآمد کرنے کا منصوبہ تیار کیاگیا ہے: ذرائع— فوٹو:فائل 

وفاقی حکومت نے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) اور 3 لاکھ میٹرک ٹن خام چینی شوگرملز سے درآمد کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ وزارت صنعت و پیداوار نے چینی کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ کی تجویز بھی دے دی ہے جس کے تحت چینی کی درآمد پر شوگر ملز کو 30 جون 2021 تک ٹیکس سے استثنیٰ مل سکے گا۔

ذرائع کاکہناہےکہ ایک شوگر مل کو 50 ہزار ٹن تک چینی درآمد کرنے کی اجازت ملے گی جو ’پہلے آؤ  پہلے پاؤ‘ کی بنیاد پر ہوگی۔

وفاقی حکومت کو تجویز دی گئی ہےکہ چینی کی درآمد پر ودہولڈنگ انکم ٹیکس 5.5 سے بھی کم کرکے 0.25 فیصد اور درآمد پر 3 فیصد ویلیو ایڈڈ سیلز ٹیکس کو بھی ختم کردیا جائے۔

اس سے قبل پنجاب حکومت چینی کی بڑھتی مانگ کے تناظر میں آئندہ چند ماہ میں چینی کی قلت اور قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر چکی ہے۔