21 ستمبر ، 2012
اسلام آباد… گستاخانہ فلم کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ آج صبح سے ہی اسلام آباد میں مظاہرین نے جلاوٴ گھیراوٴ اور توڑ پھوڑ کا سلسلہ شروع کردیا اور پیرودھائی روڈ پر ٹول پلازے کو آگ لگادی ۔ اسلام آباد اور راول پنڈی کے ایک اور سنگم مقام ، پیر ودھائی روڈ پر کئی مظاہرین نکل آئے ، ان میں اکثر ، کچی آبادیوں کے مکین اور نوجوان طبقہ شامل تھے، مظاہرین نے آئی جے پی روڈ پر مارچ کرتے ہوئے سڑک کو دونوں طرف سے بند کردیا اور حالات کا اندازہ نہ کرکے وہاں آنے والے گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا ،اس وجہ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور گاڑی سوار الٹے راتے واپس نکل جانے پر مجبور ہوئے ، آئی جے پی روڈ کے دیگر مقامات پر عوامی احتجاج کیا گیا اور جگہ جگہ ٹائر جلاکر سڑک بند رکھی گئی۔ مظاہرین نے نجی املاک کے ساتھ سرکاری اشیاء کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ، مظاہرین نے سڑک پر ٹول پلازہ کے کیبنوں کی توڑ پھوڑ کی اور پھر اسے آگ لگادی ،وفاقی پولیس نے کچھ دیر بعد کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ بعض مشتعل مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا، پشاور جی ٹی روڈ پر ترنول اور سنگ جانی کے مقامات پر بھی مظاہرین ، گاڑیوں پر پتھراوٴ کرتے رہے۔ادھر لاہور اور پشاور میں بھی گستاخانہ فلم کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور بعض مقامات پر ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دی گئی ہیں۔