22 جنوری ، 2021
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ براڈشیٹ کے معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ معاہدہ سابق صدر پرویز مشرف نے کیا تھا۔
نجی ٹی وی کو اپنے ایک انٹرویو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کا کیس بدنیتی پرمبنی ہے، الیکشن کمیشن پر اعتماد ہے۔
براڈ شیٹ معاہدے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کے معاملے سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ، یہ معاہدہ پرویز مشرف نے کیا تھا، براڈ شیٹ نے نواز شریف کے 800 ملین ڈالرز کے اثاثے ڈھونڈ کر نکالے، اس پر عدالت نے کہا کہ واقعی نوازشریف کے اثاثے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس پر معاہدے کے تحت حکومت کو رقم دینا تھی، اگر پیمنٹ نہ کرتے تو ایک دن کا سود 5 ہزار پاؤنڈ دینا پڑتا۔
بجلی کی قیمت میں اضافے پر کہا کہ بجلی کی قیمت اس لیے بڑھائی کہ ملک پر مزید قرضے نہيں چڑھا سکتے۔
خیال رہے کہ براڈ شیٹ معاملے پر وفاقی حکومت نے تحقیقات کیلئے جسٹس(ر) عظمت سعید کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی اور انہیں اختیار دیا تھا کہ وہ جسے چاہیں کمیٹی میں شامل کریں۔
ریٹائر جسٹس کے نام پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہےکہ سابق صدر پرویز مشرف نے نواز شریف، آصف علی زرداری، بینظیر بھٹو اور دیگر کی پراپرٹیز کا پتہ چلانےکے لیے 1999 میں اثاثہ جات ریکوری سے متعلق برطانوی فرم براڈ شیٹ کی خدمات حاصل کی تھیں۔
تاہم نیب کی جانب سے یہ معاہدہ 2003 میں ختم کردیا گیا تھا جس کے خلاف فرم نے ثالثی عدالت میں نیب کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس پر عدالت نے اگست 2016 میں نیب کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے اسے جرمانہ اداکرنے کا حکم دیا تھا۔
حالیہ دنوں میں براڈ شیٹ کیس کے حوالے سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔