24 جنوری ، 2021
اطالوی ڈیٹا پرائیویسی واچ ڈاگ نے معروف چینی لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کو حکم دیا ہے کہ وہ اٹلی میں ایسے صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کر دیں جن کی عمر 13 سال سے کم ہو۔
اطالوی ڈیٹا پرائیوسی واچ ڈاگ کے مطابق اٹلی کی حکومت نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو 15 فروری تک ایسے تمام تر صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے کا کہا ہے جن کی عمر 13 سال سے کم ہے۔
دنیا بھر میں دن بہ دن معروف چینی لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک کی مقبولیت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور خاص طور پر نوجوانوں میں ٹک ٹاک کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
اٹلی میں یہ حکم اس واقعے کے بعد جاری کیا گیا جب ایک 10 سالہ بچی نے ٹک ٹاک پر مقبول 'بلیک آؤٹ' چیلنج میں حصہ لیتے ہوئے اپنی گردن کو بیلٹ سے جکڑ کر سانس روک کر ویڈیو ریکارڈ کی اور اس دوران اسے اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔
بچی کے والدین نے بتایا کہ ٹک ٹاک اور یوٹیوب اس کی دنیا تھی اور وہ اپنا زیادہ تر وقت اسے استعمال کر کے ہی گزارتی تھی۔
اطالوی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر تحیقات کا آغاز کر چکے ہیں اور وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا 10 سالہ بچی کو کسی صارف نے اس چیلنج کی پیشکش کی تھی یا اس نے ایسا خود کیا۔