Time 26 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

آمنہ الیاس کا 'بھرم کلچر' کے خلاف منفرد پیغام

فوٹو: انسٹاگرام/آمنہ الیاس

پاکستان فیشن انڈسٹری کی مقبول ماڈل اور اداکارہ آمنہ الیاس سماجی مسائل سے متعلق سوشل میڈیا پر اپنی آواز اٹھانے سے نہیں ہچکچاتیں۔

اب حال ہی میں آمنہ الیاس نے شہر قائد میں بھرم کلچر اپنانے والوں کو ایک خصوصی پیغام دیا ہے۔

آمنہ الیاس نے اپنی انسٹاگرام پر خود ساختہ طور پر بنائی گئی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار کی یونیفارم پہنا شخص ان کی گاڑی روکتا ہے جس پر وہ گاڑی کا شیشہ نیچے کرتی ہیں تو ٹریفک پولیس اہلکار کہتا ہے کہ آپ نے سگنل توڑا ہے چلان ہو گا، لائسنس دیں۔

لائسنس مانگنے پر آمنہ الیاس بھرم سے کہتی ہیں کہ میرا نام آمنہ الیاس ہے جس پر ٹریفک پولیس اہلکار اپنی آواز بلند کر کے کہتا ہے کہ لائسنس دیں جس پر ڈر کر آمنہ فوراً اپنا لائسنس اسے دے دیتی ہیں۔

اس ویڈیو کے کیپشن میں آمنہ نے لکھا کہ 'میں باقی شہروں کے بارے میں تو نہیں جانتی مگر یہ کہنے کی جرآت رکھتی ہوں کہ وہ اپنی ٹریفک پولیس کی ہم سے زیادہ عزت کرتے ہیں۔ طاقت دکھا کر ذمہ داریوں سے بھاگنے کا یہ نامعقول اور مصحکہ خیز کلچر اب فرسودا ہو چکا ہے اور اب بالکل بھی اچھا نہیں لگتا‘۔

اس ویڈیو میں آمنہ الیاس نے لوگوں کو قانون کی پاسداری اور ٹریفک پولیس اہلکار کی عزت کرنے کا سبق دیا ہے۔

مزید خبریں :